افغانستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 17 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے، جوابی کارروائی میں 5 طالبان بھی مارے گئے۔
افغان حکام کے مطابق طالبان نے افغان صوبے جوزجان میں طالبان سیکیورٹی چیک پوسٹ پر صبح سویرے حملہ کیا، حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 12 اہلکار ہلاک، 5 زخمی ہوئے۔
صوبائی گورنرکے ترجمان نے بتایا کہ طالبان حملہ آور4 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے بھی لے گئے۔سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 طالبان بھی مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں۔
طالبان کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہیں انھوں نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
ایک اور شمالی صوبے قندوز میں صوبائی پولیس سربراہ فقیر محمد جوزجانی کے مطابق قندوز شہر کے نواح میں عسکریت پسندوں نے افغان نیشنل آرمی چوکی پر حملہ کیا جس میں 5 فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا جنوب مشرقی صوبے غزنی میں مارٹر گولے کے دھماکے میں چار بچے ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ بچوں کوایک شیل ملا نہوں نے اس کے ساتھ کھیلنا شروع کیا تو وہ پھٹ گیا۔
افغان حکومت اور طالبان جنگجوؤں کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جنگجوؤں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 171 ہوگئی ہے جبکہ 250 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔