عمران خان نے آزاد کشمیر کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔فائل فوٹو
عمران خان نے آزاد کشمیر کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔فائل فوٹو

700 سال میں بھی مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ کشمیری ریاست کا پاکستان سے الحاق ضروری ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام یوم قرارداد الحاق پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں  وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے بھی شرکت کی.
 اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیرکے عوام کا پاکستان کے ساتھ مذہبی اورثقافتی الحاق ہے، لیکن موجودہ پالیسی کے مطابق آپ 700 سال بھی لگے رہیں تو بھی مسئلہ کشمیرحل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں انصاف کے اداروں کے پاس جانا پڑے گا،جغرافیائی لسانی اورمذہبی اعتبار سے ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا جزو ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 19جولائی 1947 کی قرارداد کو ریاست بھرکے عوام کی تائید حاصل تھی،کشمیریوں نے اپنا فرض ادا کردیا، اب پاکستان کی ذمے داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادکشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت دی جائے، حکومت پاکستان کو تجاویز ارسال کر دی ہیں کہ کس طرح آگے بڑھا جاسکتا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم پر دنیا بھر کے ممالک میں کیس کریں گے، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت کو آپس میں مل کر کشمیر پرکام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بھارتی جیلوں میں نہیں رکھا جاسکتا، قید اورنظربند حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔