بچے اور بڑے سب ایک رنگ میں رنگے ہوئے نظر آرہے ہیں۔فائل فوٹو
بچے اور بڑے سب ایک رنگ میں رنگے ہوئے نظر آرہے ہیں۔فائل فوٹو

’’پاکستان کا74 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے‘‘

دن کا آغاز مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی وخوشحالی کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

قوم 74واں جشن آزادی آج اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار اور مصور پاکستان علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک باوقار اورقائدانہ کردار کا حامل عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے۔

یوم آزادی کے موقع پر ہرطرف سبز ہلالی پرچم کی بہار نظر آرہی ہے، عمارات، گلیوں اور گھروں کو برقی قمقموں، پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ بچے اور بڑے سب ایک رنگ میں رنگے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

صوبائی دارالحکومتوں میں جشن آزادی کا آغاز پروقار تقاریب سے کیا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے 21 توپوں کی سلامی دی۔ انہوں نے اللہ اکبر اورپاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور گلیوں اور بازاروں کو سجایا گیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں خوبصورت برقی قمقموں نے ڈی چوک کی رونق بڑھا دی ہے۔ مزار قائد پر گارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جبکہ اہم حکومتی شخصیات نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

مختلف اداروں میں تقریبات میں ملی نغمے اور قیام پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی۔ اخبارات میں خصوصی ایڈیشن اور ٹیلی ویژن چینلز پر خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا۔

مختلف مماک میں پاکستان کے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز میں بھی یوم آزادی کی شایان شان تقریبات ہوں گی۔ دریں اثنا بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں نے 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی یوم تشکر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کل 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔