حملے کے وقت اڈے پر فوجی کمانڈر بھی موجود تھے۔فائل فوٹو
حملے کے وقت اڈے پر فوجی کمانڈر بھی موجود تھے۔فائل فوٹو

غزنی میں فوجی اڈے پرخود کش حملہ۔31 اہلکارہلاک

افغانستان کے صوبےغزنی میں خود کش حملے کے نتیجے میں کم سے کم 31 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور24زخمی ہوگئے۔

افغان حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے دھماکے خیز مواد سے بھری گاڑی عمارت سے ٹکرائی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق غزنی کے مضافات میں واقع ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق غزنی پولیس کے ترجمان احمد خان سیرت نے حملے کی تصدیق کی ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین کا کہنا ہے کہ ایک خودکش بمبارنے غزنی کے ضلع دہ یاک میں بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔

اسپتال ذرائع نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں زیادہ تر فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق حملے کے وقت اڈے پر فوجی کمانڈر بھی موجود تھے۔ کسی بھی جنگجوگروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

غزنی اسپتال کے ڈائریکٹرباز محمد ہمت نے بتایا کہ علاج کیلیے لائے گئے تمام متاثرین سیکیورٹی اہلکار ہیں۔

خیال رہے کہ غزنی میں طالبان اورافغان فورسزکے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ حالیہ چند ماہ کے دوران افغان سکیورٹی فورسز پر یہ خونریز ترین حملہ ہے۔