ممبئی: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کووڈ-19 کے نئے وائرس کی دریافت کے بعد احتیاط کے پیش نظر بھارتی شہر ممبئی کے شہری علاقوں میں نائٹ کرفیو کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ رات کے کرفیو کے نفاذ کی ایک وجہ کرسمس اور نئے سال کی آمد پر حسب روایت منایا جانے والا جشن بھی ہے۔
اعلان کردہ کرفیو کا نفاذ 22 دسمبر 2020 سے پانچ جنوری 2021 تک کے درمیانی عرصے میں ہو گا۔ کرفیو شب گیارہ بجے سے صبح چھ بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ آئندہ 15 روز تک بیحد محتاط رہیں۔
ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یورپ سے آنے والے تمام مسافروں کو آئندہ 14 روز تک قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔
ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر اپنے گھروں پہ قرنطینہ کرنا ہو گا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے صرف ایک دن قبل کہا تھا کہ ریاست میں حالات بہترہیں اورکرفیو سمیت لاک ڈاؤن کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے سال کے جشن کے دوران احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی ممالک نے لاک ڈاؤن کیا ہے کیونکہ اس سے بچاؤ کا اور کوئی متبادل نہیں ہے۔