مبینہ دھمکی آمیز ٹوئٹ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کے قواعد و ضوابط مجروح ہوئے، ٹوئٹر
مبینہ دھمکی آمیز ٹوئٹ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کے قواعد و ضوابط مجروح ہوئے، ٹوئٹر

ٹرمپ سے متعلق دھمکی آمیز ٹوئٹ پر خامنہ ای کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

حال ہی میں سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ’دھمکی آمیز‘ ٹوئٹ کرنے پر ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ٹوئٹر نے آیت اللہ خامنہ ای کا وہ ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیا ہے جس سے مبینہ دھمکی آمیز ٹوئٹ کی گئی تھی اور کہا ہے کہ اس ٹوئٹ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کے قواعد و ضوابط مجروح ہوئے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ @khamenei_site سے گالف کھیلتے ہوئے ایک شخص کی فضا سے لی گئی تصویر پوسٹ کی تھی جسے دیکھنے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا گمان ہوتا ہے کیوں کہ ٹرمپ بھی اکثر گالف کھیلتے نظر آتے ہیں۔
اسی تصویر میں گالف کھیلنے والے شخص پر ایک دیوہیکل سایہ نظر آرہا ہے جو غالباً کسی جنگی جہاز یا ڈرون کا ہے۔
اس تصویر کے ساتھ آیت اللہ خامنہ ای نے لکھا ہے کہ ’انتقام لینا اٹل ہے‘۔
خامنہ ای نے گزشتہ برس امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ ڈونلڈ ٹرمپ سے لینے کا بھی عزم دہرایا۔
اس ٹوئٹ پر ٹوئٹر نے خامنہ ای کا مذکورہ اکاؤنٹ تو معطل کردیا ہے تاہم ان کا آفیشل اکاؤنٹ اور دیگر زبانوں میں موجود اکاؤنٹس بدستور کام کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ امریکی کانگریس پر حملے پر اکسانے پر ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی آفیشل اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کردیا تھا۔