سینیٹ کا اہم اجلاس کل صبح 10بجے طلب
اجلاس میں نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری، جمعہ کی نماز کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے کاغذات نامزدگی جمع، سہ پہر3 بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلیے ووٹنگ کرائی جائے گی
یوسف رضاگیلانی کے سات مسترد شدہ ووٹس اہم شواہد ہیں۔فائل فوٹو
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس کل بروز جمعہ صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔
سینیٹ سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس میں نئے منتخب ہونے والے سینیٹرز کی حلف برداری ہوگی۔ حلف برداری پریذائیڈنگ افسر سینیٹر سید مظفر حسین شاہ لیں گے۔
سینیٹ سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پریذائیڈنگ افسر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول جاری کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ سہ پہر 3 بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین کے منتخب ہونے کے بعد پریذائیڈنگ افسر نئے چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔ چیئرمین سینیٹ حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔