لاہور: قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے لاہور کے مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے پر تحریک لبیک نے لاہور کے مرکزی دھرنے کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا۔
دھرنا ختم کرنے کا اعلان کالعدم تنظیم کے رہنما شفیق امینی اور شوریٰ کے دیگر ارکان نے کیا۔ شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے وعدہ پورا کیا جب کہ دیگر معاملات میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا اس پرعمل ہوچکا ہے لہذا اب مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں جہاں بھی احتجاج ہورہا ہے اسے ختم کردیا گیا ہے، دیگرمعاملات بارے بھی مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی کو جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کارکنان پرامن رہیں، تمام مرکزی قائدین صورت حال کودیکھ رہے ہیں، سوشل میڈیا پربعض عناصراس کامیابی کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں، تمام خبریں اوراطلاعات مرکزی شوری کی طرف سے جاری ہوں گی، یہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں ناموس رسالت کی آواز گونجی ہے۔