وزیراعطم عمران خان کاکہنا ہے کہ ہم صرف سیاحت کی ترقی سے ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے مری میں کوہساریونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات سے کہیں زیادہ ہم سیاحت کے ذریعے پیسہ کماسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مری میں ’ایک فیملی‘ کا بڑا سا گھر بنا ہوا تھا، 83 کروڑ روپے گھر کی خوبصورتی پر خرچ کیے، مری میں آبادی بڑھ چکی ہے، کوئی اسپتال نہیں، نتھیا گلی میں ایک چھوٹا سا اسپتال ہے، حکومت کا فرض ہے لوگوں کی صحت کا خیال رکھے، انہیں تعلیم دے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے، میٹرک کے بعد بچے کو چھ ماہ کا کورس کرادیں وہ روزگار حاصل کرلیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم عظیم تب بنتی ہے جب آگے کا سوچتی ہے،اللہ نے ہمارے ملک کو جو نمعتیں بخشی ہیں، ہمیں خود نہیں پتہ، ہم ناشکری کرجاتے ہیں، اللہ نے پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں چھوڑی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوہسار یونیورسٹی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے، پاکستان بدلنے والا ہے، سارے علاقے ترقی کریں گے، ہماری ٹورازم بڑھ رہی ہے، سوشل میڈیا کی وجہ سے ٹورازم بڑھ رہی ہے، ٹورازم پاکستان کا مستقبل ہے، ہم صرف ٹورازم کی ترقی سے ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں، برآمدات سے کہیں زیادہ ہم سیاحت کے ذریعے پیسہ کماسکتے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مری میں وزیر اور بڑے بڑے لوگ مفت رہائش کرتے تھے، مری میں اتنے لوگ آجاتے ہیں کہ چلنے کی جگہ نہیں ہوتی، ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاحت کے لیے نئے پوائنٹ کھولیں، پاکستان سیاحت کے فروغ سے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے، سیاحت سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا، لوگ شہروں کا رخ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور اور غریب طبقے کی مدد کرتی ہے تو اللہ کی برکت آتی ہے، لوگوں کی ضروریات پوری کرنے والے ممالک خوشحال ہوجاتے ہیں، مدینہ کی ریاست کے اصول اپنانے سے غیر مسلم بھی آگے بڑھ گئےہیں، یو این ڈی پی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے تیزی سے غربت کم ہوئی، انسانیت پر توجہ دیں گے، ان پر پیسہ خرچ کریں گے۔