نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے خصوصی اجلاس میں کورونا کے زیادہ پھیلاؤ والے شہروں میں لاک ڈاؤن کی تجویز پرغور کیا گیا، لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کورونا کے پھیلاؤ والے علاقوں میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی تجاویز پر غور کیا گیا ، پابندیوں میں بازاروں اور مالز کی بندش ، انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی اور تعلیمی اداروں کی مکمل بندش شامل ہے، فیصلہ تمام فریقین کی باہمی مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔
اجلاس میں عید کی چھٹیوں میں عوام کی نقل و حمل کو محدود رکھنے اور سیاحت کا نظام مرتب کرنے پہ بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں کیمرج امتحانات کے معاملے پر فیصلہ کیا گیا کہ ایک امتحانی مرکز میں 50 سے زیادہ امیدوار نہ بٹھائے جائیں ، این سی او سی نے وزارت تعلیم سے درخواست کی کہ کیمرج امتحانات منعقد کرواتے ہوئے تمام تر حفاظتی تدابیر کے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیاکہ آکسیجن کی فراہمی کومسلسل نگرانی کے ذریعے یقینی بنایا جا رہا ہے،کورونا وبا کے پھیلاؤ کے سبب مستقل دباؤ کا شکار صنعتی شعبے کےلیے امدادی پیکج مرتب کرنے کے لیے وزرات تجارت کو تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔