ہم سارے مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں، مافیاز تبدیلی نہیں چاہتے۔فائل فوٹو
ہم سارے مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں، مافیاز تبدیلی نہیں چاہتے۔فائل فوٹو

چھوٹا سا طبقہ ملک کے وسائل پر قابض ہے۔وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان چھوٹا سا طبقہ ملک کے وسائل پر قبضہ کرکے بیٹھا ہے، ہمارے حکمرانوں نے لندن میں وہاں جائیداد لی جہاں ان کے وزیراعظم بھی نہیں لے سکتے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں بلوچستان کے منصوبوں کا سنگ بنیااد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس کو عزت دیتا ہے جو دنیا کے لیے کچھ کرتا ہے، کامیابی اورعزت اللہ کی طرف سے ملتی ہے ، دنیا ان لوگوں کو یاد کرتی ہے جو انسانیت کیلیے کچھ کرکے جاتے ہیں، لیکن ماضی میں ہمارے حکمرانوں نے اس ملک کا نہیں سوچا، ایک چھوٹا سا طبقہ ملک کے وسائل پر قبضہ کرکے بیٹھا ہے،  ہمارے حکمرانوں نے لندن کے امیر ترین علاقوں میں جائیدادیں لیں، لندن کے ان علاقوں میں جائیدادیں لیں جہاں برطانوی وزیراعظم بھی نہیں لے سکتا، مدینہ کی ریاست میں ترقی کا ماڈل یہ تھا کہ انھوں نے محلات نہیں بنائے، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب نچلا طبقہ اوپر آئےگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کی ترقی پرتوجہ نہیں دی گئی اور یہ صوبہ پیچھے رہ گیا، خوشی ہے کہ ہم نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو شروع کیا، ڈھائی سالوں میں 3300 کلو میٹر سڑکوں کے منصوبے بنے اور ان پر کام شروع کیا، چمن، کوئٹہ اور کراچی شاہراہ بہت خطرناک ہے، میں نے اس پر سفر کیا ہوا ہے، 2013 میں جب حکومت آئی تھی تو خیبر پختونخوا کے حالات خراب تھے، دہشت گردی کے باعث  پولیس اہلکار شہید ہو رہے تھے، سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کو ہوا، لیکن پھر ہم نے خیبر پختونخوا میں غربت میں کمی کی۔

عمران خان نے کہا کہ تین چار سال مخالفین کہتے رہے کہاں ہے نیا پختونخوا اور نیا پاکستان، 2018 کےالیکشن میں ہمیں پختونخوا میں دو تہائی اکثریت ملی اوراس کی وجہ یہی تھی کہ وہاں غربت میں کمی آئی،  یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق کے پی میں سب سے تیزی سےغربت کم ہوئی، تمام صوبوں کو ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کسی بھی اسپتال سے علاج کرایا جاسکتا ہے، کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے سبسڈی دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے سیاسی دوست نے مشورہ دیا کہ پنجاب پر توجہ دیں اور خیبر پختونخوا میں جیت کا چانس نہیں ۔ لاہورمیں اسپتال بنانے پر لوگوں نے گنگا رام کی تعریف کی لیکن ہمیں 2018 کے انتخابات میں خیبرپختونخوا سے دوتہائی اکثریت اس لیے ملی کہ وہاں غربت میں کمی آئی۔۔ خیبرپختونخوا میں انسانوں پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے لندن کے ان علاقوں میں جائیدادیں لیں جہاں برطانوی وزیر اعظم بھی نہیں لے سکتا۔ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان پر توجہ نہیں دی کیونکہ ماضی کی حکومتوں کا مائنڈ سیٹ ہی نہیں تھا کہ بلوچستان کے لیے کچھ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تب ترقی کرے گا جب نچلا طبقہ ترقی کرے گا۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور مغربی چین کی ڈویلپمنٹ کے لیے سی پیک پر توجہ دے رہا ہے۔