فلوریڈا میں ٹرمپ کی رہائش گاہ کے قریب نجی طیارہ گر کر تباہ،9 ہلاک

لئیرجیٹ نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اڑان بھری تھی، زمین پر گڑھا بن گیا

November 2, 2026 · بام دنیا
فلوریڈا میں ٹرمپ کی رہائش گاہ کے قریب نجی طیارہ گر کر تباہ،9 ہلاک

فلوریڈا میں ٹرمپ کی رہائش گاہ کے قریب نجی طیارہ گر کر تباہ،9 ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی میں ایک نجی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مار اے لاگو رہائش گاہ سے تقریباً 7 سے 8 میل کے فاصلے پر گرین ایکرز کے علاقے میں پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات اور میڈیا ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 20 لاکھ ڈالر مالیت کا لئیرجیٹ 60 طیارہ تھا جس نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بہاماس کے لیے اڑان بھری تھی۔ پرواز کے دوران طیارے نے اچانک دائیں جانب ایک تیز موڑ کاٹا اور تقریباً 8 ہزار فٹ کی بلندی سے تیزی کے ساتھ نیچے زمین کی طرف غوطہ کھا کر گر گیا۔ زمین پر ٹکرانے سے قبل طیارہ ایک درخت سے ٹکرایا اور بجلی کی تاروں کو بھی نقصان پہنچایا، جس کے بعد ایک موبائل ہوم پارک اور مصروف شاہراہ کے قریب زوردار دھماکہ ہوا اور آگ کا ایک بڑا گولہ بلند ہو گیا۔

حکام اور فائر ریسکیو کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر گہرے دھوئیں کے بادل چھا گئے اور زمین پر ایک بڑا گڑھا پڑ گیا۔ پام بیچ کاؤنٹی فائر ریسکیو نے اس واقعے کو ایک بڑے جانی نقصان والا حادثہ قرار دیا ہے۔ تاحال طیارے میں سوار افراد کی حتمی تعداد اور زمین پر موجود شہریوں کے جانی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ حادثے کے وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔