ووٹر ٹرن آؤٹ 52اعشاریہ 99 فیصد رہا۔فائل فوٹو
ووٹر ٹرن آؤٹ 52اعشاریہ 99 فیصد رہا۔فائل فوٹو

خوشاب۔ حلقہ پی پی84 میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مارلیا

خوشاب۔غیرحتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی84 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار ملک معظم شیرکلو نے فتح حاصل کرلی ۔

غیرحتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار ملک معظم شیرکلو نے 73 ہزار81 ووٹ  لے کرمیدان مار لیا ہے۔ جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارعلی حسین  خان نے 62 ہزار 903 ووٹ حاصل کیے۔ غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد ن لیگی کارکنوں نے ملک معظم شیر کلو کے ڈیرے پر پہنچ کرڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی۔

ٖغیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق  ووٹر ٹرن آؤٹ 52اعشاریہ 99 فیصد رہا، ڈالے گئے ووٹوں کی درست تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 297 رہی، 2 ہزار 792 ووٹ مسترد کیے گئے۔

واضع رہے کہ 2018 کے جنرل الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروارث کلو66775 ووٹ لے کر فاتح رہے تھے ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوارسردار شجاع محمد خان60288 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف نے بھی پی پی 84 خوشاب میں انتخابی فتح پر عوام اور پارٹی امیدوارملک معظم شیر کلو کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے آٹا چینی چوروں کو مسترد کردیاہے۔ الحمداللہ یہ عوام کی طرف سے اس خدمت کا بھی اعتراف ہے جو مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کی تھی۔ اور یہ ووٹ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا ووٹ ہے!

انہوں نے مزید ٹوئٹ کیا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو پہلے سے بھی زیادہ جذبے اوررفتار سے پاکستان کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کامیاب انتخابی مہم چلانے پر تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی شاباش دی۔

اکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نوازنےپی پی 84  کے ضمنی انتخاب میں ملک معظم شیر کلو کو ٹوئٹر پر فتح کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ہر شہر میں عوام نے نوازشریف کی فتح کا اعلان کر دیا ہے۔ ہر صوبے سے نوازشریف کے بیانیہ کی تائید عوام کے حق حکمرانی کی فتح ہے نوازشریف کو مائنس کرنے والو! دیکھو اللّہ کے کام! صرف نوازشریف رہ گیا ہے باقی سب مائنس ہوچکے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ شیروں کو دلی مبارکباد، ملک معظم کلّو کو فتح بہت بہت مبارک، خوشاب کے غیور عوام کا بہت بہت شکریہ۔ 1 کلو چینی کے لیے دربدرکی ٹھوکریں آپ کا مقدر نہیں ہو سکتیں۔ مسلم لیگ ن انشاءاللّہ قوم کو اچھے دن لوٹائے گی!.

یاد رہے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی اس نشست کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، (ن) لیگ کے ملک معظم کلو اور  پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں تھے، جب کہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی نے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔