فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو 7 رنز سے شکست دیدی

پی ایس ایل کے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگزکے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شرجیل خان اور بابر اعظم نے بیٹنگ کی ابتدا کی۔

دوسرے اوور میں شرجیل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد مارٹن گپٹل آئے جنہوں نے31 گیندوں پر43 رنزکی جارحانہ اننگ کھیلی جن میں تین چھکے اور دو چوکے بھی شامل ہیں بعدازاں انہیں احمد دانیال نے بولڈ کردیا۔

بعد ازاں کریز پر آنے والے نجیب 13 ویں اوور میں صفر پر آؤٹ ہوگئے جب کہ 15 ویں اوور میں والٹن 10 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کنگز کے کھلاڑیوں میں سب سے بڑا اسکور بابر اعظم نے بنایا، انہوں نے 44 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے جن میں سات چوکے شامل ہیں۔ 20 اوور کے اختتام پرکراچی کنگز نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان کے ساتھ 176 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرزکے راشد خان نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قلندرز کی بیٹنگ کا آغاز سہیل اختراور فخر زمان نے کیا۔ پانچویں اوور میں سہیل اختر 21 رنز بناکر الیاس کے ہاتھوں ایل بی ڈبیلو ہوگئے جبکہ آٹھویں اوور میں فخر زمان عماد وسیم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں ںے 19 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے آغا سلمان ایک رنز بناسکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

بین ڈنک نے چھ رنز بنائے وہ نور احمد کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ اسی طرح 13 ویں اوور میں محمد حفیظ بھی نور احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 36 گیندوں پر36 رنز بنائے۔

ٹم ڈیوڈ نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 14 گیندوں پر34 رنز بنائے جن میں 3 چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔ جمیز فالکنر نے 33 رنز بنائے جن میں تین چھکے بھی شامل ہیں جبکہ راشد خان نے 11 رنز اسکور کیے۔

لاہورقلندر کی ٹیم 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر169 رنز بناسکی اور177 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس اورنوراحمد نے دو دو جبکہ عماد وسیم اورعباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔