پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلی ہیں ، یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں دو سال کیلیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیاتھا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناتھا کہ یونس خان جیسی قد اوراور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے ، دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ مختصر دورانیہ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ، پرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اور قابلیت کے تبادلے کیلیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز پر اتفاق کیا ہے ، لہذا دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقتت پرکیا جائے گا ۔