کراچی۔جے ایس بینک کی دو برانچز میں سونے اور رقم کے فراڈ سے متعلق کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار ملزمان کے بینک اکائوئنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ایسٹ زون انویسٹی گیشن پولیس آج گرفتار ملزمان کو بینکنگ کورٹ میں پیش کرے گی۔عدالت سے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقاتی ٹیم جلد ملزمان کے بینک اکاونٹس کی بندش کے لیے سٹیٹ بینک کو خط لکھے گی جبکہ جن افراد کے شناختی کارڈز پر بینک سے قرضہ لیا گیا ان سے بھی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان کی بینک ٹرانزکشنزکی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی جبکہ تحقیقاتی ٹیم گرفتار ملزمان کی پراپرٹی سمیت دیگر اثاثوں کی جانچ پڑتال کرے گی۔
تفتیشی ذرائع نے مزید بتایا کہ جے ایس بینک میں فراڈ کا معاملہ 2 اگست کو آڈٹ کے دوران سامنے آیا تھا،دو مقدمات میں اب تک چھ بینک ملازمین سمیت 10 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں،ملزما ن نے بینک کی سونا دو قرض لو اسکیم کا فائدہ اٹھاکر فراڈ کیا تھا،قرضہ منظور ہونے سے قبل اصل زیورات دکھاتے اور نقلی زیورات رکھ دیئے جاتے تھے۔