آخری طیارہ رات ڈیڑھ بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے پرواز کر گیا۔فائل فوٹو
آخری طیارہ رات ڈیڑھ بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے پرواز کر گیا۔فائل فوٹو

افغانستان میں امریکی غرورخاک میں مل گیا

واشنگٹن:امریکا کا 20 برس بعد افغانستان میں گھمنڈ اورغرور خاک میں مل گیا، امریکی افواج نے کابل ایئرپورٹ بھی خالی کردیا جس کی پنٹاگون نے تصدیق کردی۔

امریکہ کا آخری طیارہ بھی اپنے فوجیوں کو لے کر وانہ ہو گیا ہے جس کے بعد افغانستان پرامریکہ کا بیس سالہ قبضہ اختتام پذیر ہو چکا ہے اورکابل کی فضائی حدود ایئرٹریفک  بغیرکنٹرول کے ہے ۔

امریکی میڈیا کے مطابق بیس برس بعد امریکا نے افغانستان کو مکمل طور پر خالی کردیا، امریکا نے طالبان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن پرعمل درآمد کرتے ہوئے پیراورمنگل کی درمیانی شب کابل ایئرپورٹ بھی خالی کردیا۔

ایئرپورٹ خالی ہونے کے بعد طالبان کے مکمل زیر انتظام آچکا ہے اس خوشی میں طالبان نے ایئرپورٹ پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔ جنرل کینتھ کے مطابق آخری طیارہ رات ڈیڑھ بجے  پرواز کرگیا اور پاکستانی وقت کے مطابق یہ رات کے ساڑھے بارہ بجے کا وقت تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغان حکام کی جانب سے نوٹم جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ امریکی فوج نے کابل ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول پر خدمات فراہم کرنا بند کر دی ہیں ، افغانستان کی فضائی حدود میں ایئر ٹریفک کنٹرول اور ایئر پورٹ سروسز دستیاب نہیں ہیں ۔ نوٹم میں کہا گیاہے کہ ممکنہ طور پر افغانستان سے نکلنے والا آخری ٹرانسپورٹ طیا رہ ہے ۔

یاد رہے کہ امریکہ نے انخلاکا مشن مکمل کرنے کے بعد اپنے تمام فوجیوں کو بھی نکال لیا ہے جس کے بعد طالبان نے ایئر پورٹ کا کنٹرول بھی سنبھالنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔