کابل: طالبان آج جمعرات کو اپنی نئی حکومت کا اعلان کرنے والے ہیں۔
طالبان عہدیدار احمد اللہ متقی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ کابل کے صدارتی محل میں ایک تقریب کی تیاری کی جا رہی ہے۔
طالبان کا کہنا ہے کہ ان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نئی افغان حکومت کے سربراہ ہوں گے جب کہ صدر یا وزیر اعظم ان کے نیچے رہ کر کام کرے گا۔
افغان ٹی وی کے مطابق طالبان کے ثقافتی کمیشن کے سربراہ امان اللہ سمنگانی کا کہنا ہے کہ طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ آئندہ افغان حکومت کے بھی سربراہ ہوں گے۔ نئی حکومت کے قیام اور کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔’ ہم جس حکومت کا اعلان کرنے جا رہے ہیں وہ لوگوں کیلیے ایک ماڈل ہوگی، ہیبت اللہ اخوندزادہ کی حکومت میں موجودگی پر کوئی شک و شبہ نہیں وہی حکومت کے سربراہ ہوں گے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں سنا جائے گا۔‘
افغان تجزیہ کار حسن حق یار کے مطابق نئے سسٹم کا نام جمہوریہ یا امارت کی بجائے اسلامی حکومت ہوگا۔ ملا ہیبت اللہ صدر نہیں بلکہ افغانستان کے قائد ہوں گے، صدر یا وزیر اعظم کا عہدہ ان کے نیچے ہوگا۔