اسلام آباد: نہ تھمنے والی مہنگائی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سڑکوں پرآگئی۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، قصورسکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، چمن، مہمند سمیت ملک بھر میں بے روزگاری و مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف کراچی، لاہور، پشاور اورکوئٹہ سمیت ملک گیراحتجاج شروع ہوگیا ہے، مختلف شہروں میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین اورکارکنان احتجاجی مظاہروں میں شریک ہیں اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ نون نے مہنگائی کےخلاف جین مندرچوک پراحتجاج کیا، احتجاج میں شامل نون لیگی کارکنوں نے یوٹیلٹی بلز اور روٹیاں اٹھا رکھی ہیں۔
استور میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ نون استورکے زیراہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ جاری ہے، مہنگائی کے خلاف مظاہرے کے باعث گلگت راولپنڈی سڑک پر ٹریفک معطل ہے۔
جنرل سیکریٹری نون لیگ استور رانا فاروق نے کہا ہے کہ 29 اکتوبر کوضلع میں پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کریں گے۔
سکھر میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے گھنٹہ گھرچوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کرکے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے، نوکریوں کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی حکومت میں بیروزگاری عروج پر ہے۔
لاڑکانہ میں مسلم لیگ نون کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاج کیا گیا، جیکب آباد میں پیپلز پارٹی ہاری کمیٹی نے احتجاجی ریلی نکالی ، ریلی کے شرکا ء کاکہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔
چمن میں پی ڈی ایم نے میزئی اڈا میں احتجاج کیا اورکوئٹہ چمن شاہراہ پر ریلی نکالی جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک معطل رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وادی زیارت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔