اسلام آباد:افغانستان سے امریکا کے مکمل انخلا اور طالبان حکومت کے قیام کے بعد افغانستان کی دو ایئرلائنز کو پاکستان کیلیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی سرکاری فضائی کمپنی آریانہ اورکام ایئر کابل سے اسلام آباد کیلیے دو طرفہ فلائٹ آپریشن شروع کریں گی۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے )حکام کے مطابق آریانہ ایئرلائن ہفتہ وار2 جبکہ کام ایئرکو 5 پروازیں آپریٹ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے مطابق بوئنگ 777 طیارے اورایئر بس 340 کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آمد و روانگی کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان نے کابل، مزار شریف اور قندھار سے کراچی کیلیے بھی فلائٹ آپریشن کی اجازت مانگی ہے جو ابھی زیر غور ہے اور پاکستان افغانستان کے ایم او یو پردستخط سے مشروط ہے، معاہدے کے مطابق 1500 مسافروں کی آمد و رفت کی بھی اجازت دی گئی ہے۔