بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے ۔ فائل فوٹو
بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے ۔ فائل فوٹو

پاکستان نے بنگلہ دیش کو وائٹ واش کر دیا

ڈھاکہ: پاکستان نے ٹی20سیریز میں بنگلہ دیش کووائٹ واش کر دیا اورعالمی ریکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریز کے آخری میچ پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔

بنگلہ دیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں کے درمیان 32 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد بابر اعظم 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ،محمد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم رضوان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

حیدر علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور45 رنزکی اننگز کھیلی تاہم آخری اوور میں جب پاکستان کو 8 رنز درکار تھے وہ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد مزید ایک وکٹ گرنے سے قومی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی، بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور بولرمحمداللہ نے آخراوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم محمد نوازنے 20 ویں اوورکی آخری گیند پر چوکا مارکرقومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے ۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے اوور کی تیسری گیند پر نجم الحسین کو کلین بولڈ کر دیا ۔ لیجنڈ باؤلر عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے عثمان قادر نے بھی اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر ٹاپ آرڈر شمیم حسین کو پویلین کی راہ دکھا دی ، شمیم کا کیچ افتخار احمد نے پکڑا۔

ندرہویں اوور کی دوسری گیند پر عثمان قادرنے عفیف  حسین کو بھی میدان بدرکر دیا ۔انیسویں اوور میں محمد وسیم جونیئر نے تیسری گیند پر محمد نعیم اور چھٹی گیند پر نورالحسن کو آؤٹ کیا ۔

بیسویں اوور کی پہلی گیند پر حارث رؤف نے محمد اللہ کوکیچ آؤٹ کر دیا جبکہ  چھٹی گیند پر امین الاسلام دو سکور لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے ۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اورعثمان قادر نے دو ، دو جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤٖف نے ایک ایک کھلاڑی میدان بدر کیا۔