اسلام آباد:اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 23 مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحان کا کہنا تھاکہ 2018 کےالیکشن میں دھاندلی سے موجودہ حکومت وجود میں آئی۔ ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم 23 مارچ کواسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کرےگی جس کیلئے صوبائی سطح پر پی ڈی ایم کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہناتھا کہ ایک نمائندہ سیمینار بھی ہوگا جس کی وکلا برادری سے بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ آج پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
سیالکوٹ واقعے سے متعلق مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھاکہ اجلاس میں سیالکوٹ واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی، کسی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں پہنچتا، آئندہ اس قسم کےواقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔
استعفوں سے متعلق سربراہ اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھاکہ اسمبلیوں سے استعفوں کے کارڈ کا فیصلہ اپنی مرضی سے کریں گے، جدوجہد اورتحریکوں میں حتمی فیصلہ نہیں دیا جاسکتا، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
پی ڈی ایم کی صدارت سے ہٹنے کی خبروں پر مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھاکہ ناراض نہ ہوں، میڈیا سے احتجاج کرتا ہوں، آپ نےغلط خبرچلائی۔