خیرپور میں مسلح افراد نے شاہ لطیف یونیورسٹی کی بس کو زبردستی روک کر طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی ، مزاحمت کرنے پر7 طالبات کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہ لطیف یونیورسٹی کی طالبات کی بس کو خیرپورکے نزدیک رانی پور قومی شاہراہ پر مسلح ملزمان نے زبردستی روکا اورایک طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی ، دیگر طالبات نے مزاحمت کی تو ملزمان نے دیگر طالبات کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ۔
پولیس کے مطابق واقعے میں یونیورسٹی کا ہی ایک طالبعلم شامل ہے جس کی شناخت صفدر وسان کےنام سے ہوئی ہے ، ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ یونیورسٹی کی بس زبردستی روک کر طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی جبکہ مزاحمت پر دیگر طالبات پر تشدد کیا۔
زخمی طالبات کو طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔دوسری جانب یونیورسٹی کے طلبہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے رانی پور کی قومی شاہرہ پر دھرنا دیدیا۔