کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 31 دسمبر کو سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا، عوام کی طاقت سے کالے قانون کو واپس لینے پر مجبور کریں گے۔
ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کالے قانون کو کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی، ایک مرتبہ پھر کراچی میں سندھی اور مہاجر کی تفریق پیدا کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی لسانیت و عصبیت پھیلانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، آل پارٹیز کانفرنس کرنے والے سڑکوں پراحتجاج کیوں نہیں کرتے؟
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گرین لائن کا افتتاح تو کیا لیکن آج تک بسیں نہیں چلائیں گئیں، 2005ء میں آخری بار پانی کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ 16سال میں آج تک پانی کی ایک بوند میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔