نیتن یاہو کا ہم شکل ایرانی دکاندار مشکل میں پڑگیا، خریداروں نے بائیکاٹ کر دیا

دکاندار شدید پریشانی اور مالی نقصان کا شکار،سیاست یا اسرائیلی وزیر اعظم سے کوئی تعلق نہیں ، دکاندار

November 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران:اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سے عجیب و غریب اور غیر معمولی مشابہت رکھنا ایک ایرانی دکاندار کے لیے شدید پریشانی اور مالی نقصان کا باعث بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایران میں ایک مقامی دکاندار جس کے چہرے کے خد و خال اور شباہت بن یامین نیتن یاہو سے حد درجہ ملتی جلتی ہے، شہریوں اور خریداروں کی شدید ناراضی کا سامنا کر رہا ہے۔

منفرد چہرے کی بنا پر علاقے کے خریداروں نے دکاندار کا بائیکاٹ کر دیا ہے اور اس کی دکان سے سامان خریدنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث اس کا جاری کاروبار اور روزگار سخت متاثر ہوا ہے۔

متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ وہ ایک عام محنت کش شہری ہے اور اس کا سیاست یا اسرائیلی وزیر اعظم سے کوئی تعلق نہیں، لیکن اس کے باوجود لوگ صرف چہرے کی مشابہت کی بنیاد پر اس سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر اس منفرد واقعے کی خبریں وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔