برف باری کے بعد دیکھے جانے والے منظرنے سیاحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔فائل فوٹو
برف باری کے بعد دیکھے جانے والے منظرنے سیاحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔فائل فوٹو

دنیا کے سب سے بڑے تپتے صحرا نے سفید چادراوڑھ لی

الجیرز: دنیا کے سب سے بڑے تپتے صحرا ’’ صحارا‘‘نے سفید چادراوڑھ کر لوگوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔ برف باری کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنا دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق الجزائرکے صحرامیں برف باری کے بعد دیکھے جانے والے منظرنے سیاحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا، فوٹو گرافرنے کمال مہارت سے ان مناظرکواپنے کیمرے میں قید کرلیا۔ الجزائرکے شہرعین سیفرا میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کے بعد جم کر برفباری ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا صحرا برف سے ڈھک گیا۔

مقامی فوٹوگرافرکریم بوچیتا نے شمال مغربی الجزائر میں عین سیفرا کے صحرا میں برفباری کی شاندار تصاویر بنائیں اوراسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا۔ انہوں نے وسیع و عریض ریگستان سمیت ریت کے ٹیلوں پر جمی برف کیدلکش تصاویر بنائیں جنہیں دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔ ریت کے اوپر پڑی برف کی موٹی تہہ دیکھنے میں ایک کمبل جیسی لگ رہی ہے۔

افریقی ممالک میں پھیلے صحرا ’’صحرائے اعظم‘‘ (صحارن ڈیزرٹ) میں برف باری ہوئی ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔ دنیا کے سب سے بڑے صحرا میں برف باری کا ہونا ایک منفرد مظہر ہے کیونکہ یہ دنیا کا گرم ترین صحرا بھی ہے جہاں عام حالات میں درجہ حرارت 58؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک رہتا ہے۔