کراچی ڈاؤن سائیڈ ٹریک بدستور پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔فائل فوٹو
کراچی ڈاؤن سائیڈ ٹریک بدستور پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔فائل فوٹو

بلوچستان کا دیگر صوبوں سےریل رابطہ منقطع

کوئٹہ: شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث بلوچستان کا دیگر صوبوں سےریل رابطہ منقطع ہوگیا۔

بلوچستان میں ہونے والی شدید بارشوں نے جہاں مکانات اوردیگراملاک کو تباہ کیا، وہیں بجلی کا نظام اور ریلوے ٹریک بھی شدید متاثرہوئے ہیں۔

شدید بارش کے باعث کوئٹہ جانے والے متعدد ريلوے ٹريکس پانی ميں ڈوب گئے ہیں، جس کے بعد لاہور سے کوئٹہ جانے والی ٹرينيں سکھر تک محدود کردی گئی ہیں۔ جب کہ کوئٹہ سے چلنے والی جعفرایکسپریس کول پور اسٹیشن سے واپس کردی گئی ہے۔

پاکستان ريلوے نے بلوچستان ميں آپريشن روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی، پشاوراورلاہورسے کوئٹہ جانے والی ٹرینیں سکھر تک چلیں گی۔

ریلوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حبیب کوٹ، سبی، ڈیرہ مراد جمالی اورنوتال اسٹیشن بند کردیے گئے ہیں، ان اسٹیشنوں کے ٹریکس پر 6 سے 12 انچ تک پانی اوپر سے گزر رہا ہے۔