نومولود بچوں کی تبدیلی کا معاملہ: والد بیٹی کو چھوڑ کر فرار

راولپنڈی: بینظیر بھٹو اسپتال میں بچوں کی تبدیلی کا معاملہ حل ہوگیا جس کی انکوائری مکمل ہونے پر انتظامیہ نے ایل ایچ وی کو ذمہ دار قرار دیا اور غلطی کرنے والی ایل ایچ وی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن تھیٹر کی ہیڈ نرس کے بارے میں لاہور وزارت صحت کو لکھ کر بھیج دیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق لڑکے کا دعویدارخاندانوں میں سے ایک کیس سے پیچھے ہوگیا ہے جب کہ پانچ رکنی انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کے بعد نومولود بچے کو (لڑکے) کو حقیقی والدین کے حوالے کردیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ جس خاندان نے تھانہ میں درخواست دی تھی ان کو اسپتال دوبارہ بلایا گیا تھا جب کہ لڑکے کا والد ہونے کے دعویدار سے شناختی کارڈ کی کاپی کرانے کے بہانہ سے گیا اورپھر واپس نہیں آیا، جس کے باعث نومولود لڑکی ابھی بھی بچوں کی نرسری میں موجود ہے، جس کا خیال رکھ رہے ہیں۔

انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ باچا خان جس نے پولیس میں رپٹ درج کرائی اور اب بھاگ گیا اس کے لیے پولیس حکام کو لکھا جایے گا لیکن جب تک والدین نہیں آئیں گے تب تک بچی ہمارے پاس موجود ہے۔

خیال رہے کہ راولپنڈی کے مقامی اسپتال میں ایک خاتون کے ہاں بیٹی جبکہ دوسری کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، نومولود بچوں کی تبدیلی کے بعد دونوں خاندانوں نے بیٹی لینے سے انکار کردیا تھا۔