لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کا آغاز ہوگیا، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں جبکہ دنیا بھر کے سربراہان مملکت، امریکی صدر بائیڈن سمیت 500 عالمی رہنما تقریب میں شریک ہیں۔
ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات شروع ہو چکی ہیں، پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 02:30 پر ملکہ کے تابوت کو کوئن کمپنی کے جوانوں کا گروپ نیوی گن کیرج لے کر گیا، سہ پہر 2:52 پر ملکہ کے تابوت کو ویسٹ منسٹر ہال کے مغربی گیٹ پر لایا گیا، ملکہ الزبتھ دوم کی آخری سومات کی سروس سہ پہر 3 بجے شروع ہوئی۔
شام 4 بجے برطانوی قومی ترانے کے ساتھ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کی سروس اختتام پذیرہوئی، شام سوا 4 بجے ملکہ کی میت کا جلوس ویلنگٹن آرچ پہنچا۔
رات ساڑھے 11 بجے ملکہ الزبتھ دوم کی تدفین کی رسم ہو گی، ملکہ الزبتھ دوم کوان کے شوہر شہزادہ فلپ کے پہلو میں ونڈسر قلعہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ملکہ کا تابوت ویسٹ منسٹر ایبے پہنچ گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ویسٹ منسٹرایبے میں دنیا بھر سے آئے ہوئے غیر ملکی سربراہان مملکت، شاہی خاندان کے افراد موجود ہیں۔
ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات سرکاری طور پرادا کی جا رہی ہیں، ان کا آغاز برطانوی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے ویسٹ منسٹر ایبی میں دو ہزارافراد کے مجمعے کے سامنے دعائیہ تقریب سے ہوا جبکہ اس موقع پر لندن کے مرکزی علاقے میں ہزاروں شہری بھی موجود تھے۔