عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے شوکاز معطل

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کر دیے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے درخواستوں پر سماعت کی۔عمران خان اور فواد چوہدری کی طرف سے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواستوں میں مو¿قف اختیار کیا گیا تھا کہ توہین عدالت کا اختیار الیکشن کمیشن کو نہیں ۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے شوکاز معطل کرتے کہا کہ شوکاز نوٹس کے معاملے پرلارجر بینچ سماعت کرےگا اور درخواستوں پر سماعت 29 ستمبر کو ہو گی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرعمران خان اور فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے جسے پی ٹی آئی رہنماوں نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیا تھا۔