چئرمین ایف بی آرسے پاکستان میں قطر کے سفیرکی ملاقات

پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین ایف بی آر جناب عاصم احمد سے ملاقات کی۔ملاقات میں کسٹمز، تجارتی سہولتوں اور ٹیکس سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے یقین دلایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے قطری تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ محکمے کسٹمز اور ٹیکس کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے قطری سفیر کو ریونیو اکٹھا کرنے اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ایف بی آر کی جانب سے کیے گئے حالیہ پالیسی اور انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا۔ قطری سفیر نے ایف بی آر کی گزشتہ سال اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔