اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد عمران خان کو اللہ نے عزت دی اورعمران خان نے شوکت خانم اسپتال تعمیرکروایا، کس کو پتہ تھا یہ ایسے انسان نکلیں گے۔ عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں انہوں نے قوم کو تقسیم کیا اورلوگوں کوگمراہ اور پاکستانیوں کو بدنام کیا، امریکی مراسلے کے حوالے سے آڈیو لیکس سے ان کا مکروہ چہرہ سامنے آ گیا۔
بارہ کہو بائی پاس منصوبے کےسنگ بنیاد کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں غلط بیانی کرنے والےعمران خان جیسے شخص کو کبھی نہیں دیکھا اور گزشتہ روز آڈیو لیکس سے عمران خان کا ارادہ ظاہر ہوا۔ ہماری اتحادی حکومت آئی تو عمران خان نے سب کوغدار کہہ دیا۔ دنیا نے دیکھ لیا ایک منتخب وزیراعظم کس اندازمیں کیا بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے، میں نے زندگی میں اتنا غیرذمے داراورجھوٹا آدمی کبھی نہیں دیکھا۔ آپ نے اسپتال بھی بنایا جو اچھی بات ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے وقار کو داؤ پرلگایا اور زور لگایا کہ ہماری حکومت امپورٹڈ ہے جبکہ عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ایک بدترین سازش کی۔ بدقسمتی سے عمران خان نے ہمارے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کیا۔۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کو داؤ پر لگایا اور ریاست کو بچانے کا عزم کیا جبکہ مجھ پرایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ عمران خان کے دل میں خواہش تھی پاکستان سری لنکا کی طرز پر جائے اسی لیے عمران خان جلسوں اور تقاریر میں کہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا طرز پر جا رہا ہے۔ ہمارے وسائل محدود ہیں مگر گھبرانے کی بات نہیں مل کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف ہماری ناک سے لکیریں نکلوا رہا تھا اور ہمیں اس کی شرطیں ماننی پڑیں، عمران خان کہتے تھے میں ہوں تو سب کچھ ہے ورنہ کچھ بھی نہیں ہے لیکن ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس وہ ہمیں امپورٹ کرنا پڑتا ہے۔ عمران خان میرے بارے میں کہتے ہیں شہباز شریف مانگنے جاتے ہیں تو پھر مجھے بتائیں کہ عمران خان خود بیرون ملک جاتے تھے تو کیا یہاں سے پیسے لے کر جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ باشعور لوگ غلط اور صحیح میں فرق کریں۔ ملک میں سیلابی صورتحال ہے اور عمران خان پتہ نہیں کہاں سے پیسے لے کر جلسے کرتے رہے ہیں اور وہ جلسوں کے پیسے اگر سیلاب متاثرین پر لگاتے تو بہتر ہوتا۔ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ذات سے نکل کر، اختلافات بھول کر ملکی ترقی کی بات کریں۔ عمران خان تو سازشی ہیں انہوں نے لاہور میں اسپتال کو سیاست کی نذرکردیا۔ عمران خان سے کہتا ہوں ایک دن سچائی قوم کے سامنے آئے گی۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں بارہ کہو بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو حکام کی جانب سے بارہ کہو بائی پاس منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ منصوبے میں ایک ہزار 350 میٹر طویل اوورہیڈ برج بنایا جائے گا اور منصوبے سے بارہ کہو میں ٹریفک کا رش ختم ہو گا۔
شہباز شریف کو بتایا گیا کہ 5 اعشاریہ 4 کلومیٹر طویل منصوبے کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔