کراچی گرمی

کراچی میں گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان

کراچی(امت نیوز) محکمہ موسمیات نے کراچی میں سمندری ہوائیں مزید کئی روز تک مختصر دورانیے کیلئے بند رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شہرقائد میں سمندری ہوائیں مزید کئی روز تک مختصر دورانیے کے لیے بند رہنے کا امکان ہے، دن کے وقت گرمی برقرار رہے گی، اتوار کو پارہ 38 ڈگری سے تجاوز کرگیا اور نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث لو کے تھپیڑے چلتے رہے۔
گزشتہ روز سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں غیرفعال ہونے اور بلوچستان کی گرم ریگستانی ہوائیں چلنے کے باعث موسم گرم رہا، دن کے وقت تیز دھوپ رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور نمی کا تناسب 79 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے تین روز کے دوران شہر میں سمندر کی ہوائیں دوپہر کے وقت بدستور بند رہیں گی، اس دوران پارہ 36 سے 38 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی موسم گرم و خشک رہنے کی توقع ہے

2دوسری جانب

ملک کے بیشتر علاقو ں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب میں 15 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ دوپہر کے بعد خطہ پوٹھوہار اور وسطی پنجاب میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر سول اسپتال سکھر سمیت تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں اور ہیٹ ویو سے متعلق آگاہی کے لیے مساجد سے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری خود کو ہیٹ ویو سے بچائیں، ساتھ ہی پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

۔