سنگسار لڑکی خودکشی

افغانستان، سنگسار کی سزا سے بچنے کیلئے لڑکی کی خودکشی

کابل(اُمت نیوز) افغانستان کے صوبہ غور میں طالبان اہلکار ایک لڑکی کو سنگسار کرنے ہی والے تھے کہ اس نے اسکارف سے اپنا گلا گھونٹ کر خودکشی کرلی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افعانستان کے صوبہ غور میں پسند کی شادی کے لیے گھر سے فرار ہونے والے جوڑے کو طالبان اہلکاروں نے پکڑ کر زنا کے الزام میں سنگسار کی سزا سنادی تھی۔
لڑکے کی سزا پر عمل درآمد 13 اکتوبر کو پھانسی دیکر کردیا گیا تھا اور آج لڑکی کو سرعام سنگسار کی سزا دی جا رہی تھی تاہم لڑکی نے عین موقع پر اسکارف سے اپنا گلا گھونٹ کر خودکشی کرلی ہے۔
افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد سے مرکزی بینک سمیت تمام عالمی فنڈز منجمد کردیئے گئے تھے جس کے باعث ملک کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور ملک میں غربت کے ڈیرے ہیں۔ لوگ اپنی بیٹیاں فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
اس تمام صورت حال کے باعث افغان لڑکیوں میں گھر سے بھاگ کر شادی کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خواتین اپنے مستقبل کے حوالے سے شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ برس 15 اگست کو افغانستان میں حکومت قائم کی تھی اور تب سے لڑکیوں کی سیکنڈری تعلیم، خواتین کی ملازمتوں اور نامحرم کے بغیر سفر کرنے پر پابندی ہے۔