کینیا میں طویل خشک سالی کے دوران سیکڑوں ہاتھی اور زیبرا سمیت درجنوں جنگلی جانور ہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیا وائلڈ لائف سروس رینجرز، کمیونٹی اسکاؤٹ اور ریسرچ ٹیم کے اعداد و شمار کے مطابق کینیا میں 4 برسوں سے چلی آرہی طویل خشک سالی سے صرف 9 ماہ کے دوران 205 ہاتھی، 512 پاڑا (افریقی ہرن کی نسل کا بیل سے مشابہ جانور)، 381 زیبرا، 51 بھینسیں اور 49 گریوے زیبرا( زیبرا کی ایک نسل) سمیت 12 زرافہ موت کے منہ میں چلے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیا کی وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ خشک سالی نے گھانس چرنے والے جانوروں کو زیادہ متاثر کیا ہے، مسلسل 4 سیزن میں اوسطاً سے کم بارش ہونے سے دریا خشک اور گھانس کے میدان تباہ ہوگئے ہیں۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق صومالیا، ایتھوپیا اور کینیا میں گزشتہ 4 بارشوں کے سیزن میں مسلسل بادل نہ برسنے سے خشک سالی میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے 18 ملین لوگ غذائی قلت کا شکار ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یہ خطے کی گزشتہ 4 برسوں کی سب سے طویل خشک سالی ہے۔