انگلینڈ عبرتناک شکست

 انگلینڈ سے عبرتناک شکست، بھارتی میڈیا کی ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ پر تنقید

بھارت:۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی میڈیا کی اپنی ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ پر شدید تنقید جاری ہے۔

سابق بھارتی آل راؤنڈر مدن لال نے کہا کہ ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ، دونوں کا احتساب ہونا چاہیے، ٹیم کا تجزیہ کرنا ہوگا، یہ بہت ضروری ہے۔  بطور اوپنر بھارتی ٹیم نے پاور پلے کا اچھا استعمال نہیں کیا، روہیت شرما نے آج کے میچ میں کپتانی اچھی نہیں کی۔ بولنگ میں تبدیلیاں درست نہیں کی گئیں، ویرات کوہلی اکیلا میدان کے اندر فائٹ کر رہا ہوتا ہے۔

بھارتی تجزیہ کار نے کہا کہ ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کی کوئی تیاری نہیں تھی، کئی کھلاڑی پریکٹس کے لیے میدان میں نہیں آتے ہیںانہوں نے سوال کیا کہ کون سا بھارتی کھلاڑی ایسا ہے جس نے اپنی ٹیم کو آئی پی ایل ہی جتوادی ہو؟

سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ 10 اوورز بعد مجھ سے کمنٹری میں بولا بھی نہیں جا رہا تھا۔ کھیل میں ہاریں گے بھی جیتیں گے بھی لیکن یہ ہار بہت خراب ہے۔ میرے خیال میں ایک نہیں بہت ساری غلطیاں ہوئی ہیں، جب تیاری کم ہوگی تو امتحان میں نمبر بھی ایسے ہی ہوں گے۔ آج ایسا میچ ہارا ہے جس پر بہت دُکھ ہوا ہے، غلطیوں سے سیکھنے کی بات ہوتی ہے لیکن سیکھتے نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اسپنرز نے اسپن نہیں کرائی، انگلش اسپنرز نے عمدہ گیندیں کیں۔

سریش رائنا نے کہا کہ ٹیم سلیکشن خراب تھی اگر بہتر ہوتی تو جیت سکتے تھے، بھارتی بولنگ مسئلہ بن گئی۔