کویت: قتل کیس میں پاکستانی سمیت 7 افراد کو پھانسی دیدی گئی

دوحہ:  کویت نے قتل کے جرم میں ایک پاکستانی سمیت سات افراد کو موت کی سزا دے دی۔این ڈی ٹی وی کےمطابق 2017 کے بعد پہلی بار کویت میں کسی کو سزائے موت دی گئی ہے۔عدالت نے 2 خواتین اور 5 مردوں  کو سزائے موت سنائی تھی جس پر آج عمل درآمد کرتے ہوئے مجرمان کو ایک ساتھ پھانسی دیدی گئی۔

جن افراد کو پھانسی دی گئی ان میں ایتھوپیا اور کویت سے تعلق رکھنے والی خواتین کے علاوہ ایک پاکستانی، ایک شامی اور 3 کویتی مرد شامل ہیں۔ ان کے نام اور دیگر تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

کویت کے معاون مشیرِ خارجہ برائے قانونی امور غنیم الغنیم نے بتایا کہ مجرمان قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ جنھیں کویت کے 1960 کے قانون 16 کے تحت ٹھوس شواہد اور اعتراف کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔

تاہم انھوں نے مجرمان پر عائد مقدمات، دفعات اور سماعت سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں اور نہ ہی واردات کی تاریخ، محرک  اور مقتول کے بارے میں کچھ بتایا گیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو مکمل قانون حقوق فراہم کیے گئے تھے۔