اسلام آباد (اُمت نیوز ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما اورسینیٹر اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹوئٹس کے حوالے سے درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی ۔عدالت عالیہ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکرٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم بھی جاری کیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کی۔جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کے بعد مقدمات کا اندراج کا پتہ چلا ، سندھ ، بلوچستان میں متعدد مقدمات درج کئے گئے ، اصل تعداد معلوم نہیں ، قانونی حق کے استعمال کیلئے مقدمات کی تفصیل ملنا ضروری ہے ۔
وکیل بابراعوان کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف ایک ہی واقعہ کے 50مقدمات درج ہو چکے ہیں،اعظم سواتی کی اسلام آباد سے دوسری جگہ منتقلی روکی جائے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسارکیاکہ کیسے سیکرٹری داخلہ کا کنٹرول صوبائی آئی جیز پر ہوتا ہے ؟ چیک کرکے بتائیں سیکرٹری داخلہ کا کنٹرول اس طرح ہے جس طرح بتایا جا رہا ہے ؟
بعدازاں عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے سے متعلق کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ۔