کراچی: محمود آباد کے علاقے اعظم ٹائون میں مزاحمت پر دودھ فروش قتل،1شخص زخمی ہوگیا،ڈاکوباآسانی فرارہوگئے ۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقدس مسجد سیکٹر 10 اعظم ٹاؤن میں دودھ کی دکان پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جسے موٹرسائیکل پر جناح اسپتال لایا گیا، تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی شناخت 35 سالہ خرم ولد اشرف کے نام سے کی گئی۔
مقتول کے پڑوسی نے بتایا کہ خرم 3 بچوں کا باپ اور اختر کالونی ہی کا رہائشی تھا جب کہ اس کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا ۔واقعے کے وقت 2 ڈاکو دکان پر لوٹ مار کرنے آئے تھے اور رقم چھیننے کے دوران خرم نے مزاحمت کی تو گولی مردی اور رقم لے کر فرار ہوگئے۔مقتول پانچ وقت کا نمازی اور اس کا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا بھی نہیں تھا۔
پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 2 خول حاصل کر لیے جب کہ دکان کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہیں، جن کے مطابق ملزمان کو واردات کے لیے پیدل آتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا ہے۔ملزمان کم عمر اور افغان لگتے ہیں۔ شبہہ ہے کہ ملزمان اسی علاقے کے ہیں۔
ملزمان نے پہلے دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی پھر فرار ہونے کے لیے شہری سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی ، اس دوران فائرنگ بھی کی، تاہم موٹرسائیکل سوار شہری ملزمان سے بچ کر بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔ واردات کے بعد موٹرسائیکل نہ ملنے پر ملزمان تنگ و تاریک گلیوں سے فرار ہوگئے۔سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کے چہرے واضح نظر نظر آ رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔