بغداد(امت نیوز) عراق کے ایک گاؤں میں مسلح افرادکی اندھا دھند فائرنگ سے 8افراد ہلاک اور 7زخمی ہوگئے
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقے میں واقع گاؤں پر علی الصبح موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے تین جانب سے حملہ کردیا۔ دیہاتی بھی اپنے دفاع میں نکل آئے۔
موٹر سائیکل سواروں نے دیہاتیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں 8 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھاگ کھڑے ہوئے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس گاؤں کے باسیوں نے 2014 میں داعش کے خلاف اپنی زمینوں اور جانوں کی حفاظت کے لیے پیرا ملٹری فوج بنائی تھی۔
عراق کے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے یہ حملہ ممکنہ طور پر داعش نے بدلے کے لیے کیا۔
گزشتہ روز سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں 9 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد آج دہشت گردوں کی یہ ایک اور کارروائی تھی۔