اسلام آباد میں دہشت گردیئ کے خطرے کے پیش نْظر 25 نئی عارضی پولیس چوکیاں قائم کردی گئیں ہیں جب کہ میٹرو بس سروس سے سفر کرنے والے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان کے تحت ان اقدامات کا اعلان منگل کی صبح جاری ایک بیان میں کیا۔ پولیس نے وفاقی دارالحکومت آنے والے تمام شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ ہمیشہ ساتھ رکھیں۔
نیا سیکیورٹی پلان امریکا اور سعودی عرب کے سفارتخانوں کی جانب سے اپنے شہریوں کے لئے الرٹ جاری کئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر نیا سیکیورٹی پلان جاری کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر 25 عارضی چیک پوسٹ قائم کی گئیں ہیں۔ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر سیف سیٹی کیمروں سے ریکارڈنگ ہوگی۔ میٹرو سروس کی مسافروں کی ویڈیو ریکارڈ کی جائے گی۔۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ دستاویزات ساتھ رکھیں، لوگ اپنی گاڑیوں پر محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹس لگائیں، غیر قانونی نمبر پلاٹ والی گاڑیوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
بیان میں مزید کیا گیا ہے کہ غیر ملکی شہری بھی اپنے ساتھ شناختی دستاویزات رکھیں۔