وائرس سےاطالوی آبادی کو بچانے کےلیے کورونا ویریئنٹس کی نگرانی اور جانچ کا یہ اقدام ضروری ہے۔
اٹلی(اُمت نیوز) چین میں کورونا وائرس کے نئے کیسز بڑھنے کے باعث اٹلی نے چینی مسافروں کےلیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
اطالوی وزیر صحت اورازیو اسکیلاچی کے مطابق چین سے آنے والے تمام مسافروں کو اینٹیجین سواب اور وائرس سیکوئنسنگ کروانا ہوگی۔
وائرس سےاطالوی آبادی کو بچانے کےلیے کورونا ویریئنٹس کی نگرانی اور جانچ کا یہ اقدام ضروری ہے۔
میلان ایئرپورٹ پر مسافروں کی کورونا ٹیسٹنگ 26 دسمبر سے شروع کر دی گئی ہے۔
کورونا کیسز بڑھنے کی بڑی وجہ چین میں رواں ماہ کورونا وائرس پر عائد پابندیاں نرم کرنا ہے
امریکا کا چین سے آنے والے مسافروں پر نئی کورونا پابندیاں اور کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دینے پر غور
دوسری جانب امریکا بھی چین سے آنے والے مسافروں پر نئی کورونا پابندیاں لگانے کے بارے میں غور کر رہا ہے، بیجنگ کی جانب سےاعلان کیا گیا تھا کہ وہ اگلے ماہ سے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول دے گا۔
اس کے علاہ برطانیہ اور جرمنی کا کہنا ہے کہ وہ چین میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن فی الحال چینی مسافروں کے لیے نئی پابندیوں پر غور نہیں کر رہے ہیں۔
بھارت ، جاپان ،ملا ئیشیا، تائیوان پہلے ہی غیر ملکی مسافروں کے لیے کورونا کی نئی پابندیاں لگا چکا ہے۔
واضح رہے کہ چین میں رواں ماہ کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اس سے قبل چین نے کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات کو جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔
چینی میڈیا کے مطابق اب چائنیز سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول وبا سے متعلق معلومات جاری کرے گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں کورونا کیسز اور اموات کے سرکاری اعداد و شمار اور دیگر ذرائع کے اعداد و شمار میں فرق ہونے پر بین الاقوامی میڈیا میں تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
چین میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد حالیہ دنوں میں کورونا کیسز بڑھے ہیں۔