اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کوئی پیش نہ ہوا جبکہ وکلاء نے تینوں کے مختلف عذر پیش کیے۔
تحریک انصاف کی طرف سے وکیل علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ الیکشن کمیشن میں پیش ہو سکیں، فواد چوہدری کی والدہ شدید علیل وہ اسپتال میں ہیں، عمران خان اور فواد چوہدری کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
وکیل علی بخاری نے بتایا کہ اسد عمر کی فلائٹ لیٹ ہو گئی جس کی وجہ سے وہ بھی پیش نہیں ہو سکے۔ الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 6ماہ ہوگئے ہیں وہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔