جنیوا جاکر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی؟عمران خان

لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔ لاؤ لشکر سمیت جنیوا جاکر بھیک مانگتے ہوئے انہیں شرم نہیں آتی؟

سابق وزیراعظم نے یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا

عمران خان نے کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان چھو رہی ہے۔

چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات میں عمران خان نے ملک میں  آٹے کی صورتحال اور پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی

عمران خان نے کہا کہ لاؤ لشکر سمیت جنیوا جاکر بھیک مانگتے ہوئے انہیں شرم نہیں آتی؟ معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری پرویزالٰہی نے بتایا کہ ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے