لاہور(امت نیوز)پی ٹی آئی نے پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ پر رائے شماری کیلئے کارروائی تیز کر دی۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کھانے کے وقفے کے دوران پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہواجس میں تمام صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایوان میں حاضری رجسٹرز کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کے181 ارکان نے حاضری لگائی۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 187 ارکان کا ہدف پورا کر لیا ہے، مزید کچھ ارکان اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کا کہنا تھا کہ آج ہم نے اپنے نمبرز پورے ظاہرکردیے ہیں، آج قرارداد بھی آسکتی ہے کہ پورا ایوان وزیراعلیٰ پراعتماد کا اظہارکرتا ہے، متوقع قرارداد اعتماد کے ووٹ کی کارروائی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر 186 سے زائد ارکان قرارداد میں گن لیےگئے تو وزیراعلیٰ کو اعتماد مل جائے گا، قرارداد کے ذریعے ارکان کوگنا جاسکتا ہے۔