راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میچز کے لیے راولپنڈی پولیس نے فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے۔راولپنڈی پولیس کے 5000 سے زائد افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 347افسران تعینات کیے گئے ہیں،آر پی او سید خرم علی اور سی پی او سید خالد محمودہمدانی نے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے افسران وجوانوں کوہدایات دیں،اسٹیڈیم کے گردونواح میں ایلیٹ فورس اور ڈولفن فور س کے خصوصی ٹیمیں بھی گشت کے فرائض سرانجام دیں گی
ٹیموں کے روٹ کی موثر سیکورٹی کے ساتھ ساتھ چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں، سی پی اوسید خالد محمود ہمدانی نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات افسران وجوان الرٹ ڈیوٹی کو یقینی بناتے ہوئے مشکوک افراد پر کڑی نظررکھیں، افسران فورس کے لیے رول ماڈل ہیں آپ کی ڈیوٹی فورس کے لیے مثال ہونی چاہئے،ذمہ داری اورمحنت سے کام کریں میں ہر موقع پر آپ کے ساتھ کھڑا ہوں،
آر پی اوسید خرم علی کا کہناتھاکہ تمام افسران اورجوان میچ کے انعقاد کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں،ہم سب نے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانا ہے،راولپنڈی ریجن پولیس تمام درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے راولپنڈی پولیس کے لیے پیغام میں جاری ہدایات پر من وعن عمل کیا جائے۔