لاہور(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔انہوں نے موقف اپنایا کہ عدالت نے حقائق کے برعکس وارنٹ جاری کیے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ دہشتگردی عدالت کے جج رانا زاہد کا بھائی میرے مدمقابل انتخاب لڑ چکا ہے، عدالت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی ہے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ پیر کو سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ 24 فروری کو گجرات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، رانا ثنااللہ کے خلاف مسلم لیگ (ق) کے رہنما کی مدعیت میں اداروں کو دھمکانے اور چیف سیکریٹری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج ہوا تھا۔
گجرات پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے اخراج مقدمہ رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی تاہم جج رانا زاہد اقبال نے پولیس کی اخراج مقدمہ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن، ڈی ایس پی اور تفتیشی افسر کو شو کاز نوٹس جاری کر دیے۔