فلپائنی ٹک ٹاکر نے اذان سن کر اسلام قبول کرلیا

دبئی (امت نیوز)دبئی میں رہنے والی معروف فلپائنی ٹک ٹاکر فیونا جیمز نے رمضان کے مقدس مہینے میں اسلام قبول کر لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز رکھنے والی فیونا نے رمضان میں دبئی کے اسلامک انفارمیشن سینٹر ستوا میں اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام زینب رکھا ہے۔

فلپائن کے دارالحکومت منیلا کی رہائشی زینب آٹھ سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل متحدہ عرب امارات منتقل ہوئی تھی اور مساجد سے آنے والی اذان کی آواز سے متاثر رہتی تھیں

خلیجی اخبار کو انٹرویو میں زینب نے بتایا دراصل میں نے جب بھی اذان سنی، مجھے سکون محسوس ہوا، درحقیقت میں نے اذان کے کچھ الفاظ حفظ بھی کیے، مجھے اذان کی وجہ سے اسلام میں دلچسپی ہوئی۔

20 لاکھ فالوورز رکھنے والے ایک پاکستانی ٹک ٹاکر سلمان نے اسلام کے بارے میں جاننے اور تعلیم حاصل کرنے میں زینب کی مدد کی۔

سلمان اور زینب ساتھ مل کر کئی ٹک ٹاک وڈیو بناچکے ہیں

زینب فی الحال اسلام کے بارے میں جاننے کے لیے اسلامک انفارمیشن سینٹر سے آن لائن کلاسز لے رہی ہیں اور قرآنی سورتیں بھی حفظ کر رہی ہیں، انہیں امید ہے کہ ایک ماہ میں کورس مکمل کر لیں گی۔

زینب کا مزید کہنا ہے کہ میرے اہلخانہ میرے اس فیصلے سے خوش ہیں اور مجھے اسلام قبول کرنے کے لیے کسی نے مجبور نہیں کیا