ابوجا(امت نیوز)ملیریا کے خاتمے کیلئے بھارتی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین آر21 کی افریقی ممالک میں ٹیسٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ نائجیریا کی ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی نے کلینکل ٹرائل کے بعد 3 سال تک کے بچوں کیلئے آر 21 استعمال کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ ابتدائی ٹیسٹنگ میں دوا 77 فیصد مؤثر پائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مالی، کینیا، تنزانیہ اور برکینا فاسو میں بھی دوا کی جانچ کیلئے فیز 3 کا ٹرائل جاری ہے جبکہ تھائی لینڈ اور برطانیہ میں بھی ویکسین کلینکل ٹرائل سے گزرچکی ہے۔ دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کی جانب سے اس دوا کے استعمال کی حتمی اجازت تاحال زیر غور ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں ملیریا سے سب سے زیادہ متاثرہ افریقی ممالک نے بھارتی کمپنی سیرم انسٹیوٹ کی تیار کردہ ملیریا ویکسن آر21 کی ٹیسٹنگ شروع کردی ہے۔ نائجیریا میں ہونے والی ٹیسٹنگ میں دوا 77 فیصد مؤثر پائی گئی ہے، جس کے بعد نائجیریا کے ڈرگ ریگولیٹرز اتھارٹی نے دوا کے استعمال کی منظوری دیدی۔ نائجیریا گھانا کے استعمال کے بعد ویکسین استعمال کرنے والا دوسرا ملک ہوگا۔ آر 21 جسے میٹرکس-ایم کا نام بھی دیا گیا ہے کہ بہتری کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی نے بھی کام کیا ہے۔ اس پیشرفت کو ملیریا کیخلاف جنگ میں اہم اقدام قرار دیا جارہا ہے۔ نائجیریا کا کہناہے کہ استعمال کی منظوری کے بعد اسے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں بطور عطیہ کیے جانے کی توقع ہے۔ محققین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آر21 ویکسین کا برطانیہ اور تھائی لینڈ میں بھی کلینکل ٹرائل کیا جاچکا ہے جبکہ برکینا فاسو، کینیا، مالی اور تنزانیہ میں فیز تھری کا کلینکل ٹرائل جاری ہے۔ تاہم ڈبلیو ایچ او کی جانب سے اس کے استعمال کے حتمی فیصلے پر غور جاری ہے۔دنیا بھر میں اس وقت ملیریا سے متاثرہ براعظم میں افریقہ سرفہرست ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی دسمبر میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2021 میں دنیا بھر میں ملیریا کے 2 کروڑ 47 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2020 میں اس کی تعداد 245 ملین یعنی 2 کروڑ 45 لاکھ تھی۔ اموات کے اعتبار سے 2021 میں کچھ کمی آئی جہاں مجموعی طور پر 6 لاکھ 19ہزار افراد بیماری سے انتقال کرگئے جبکہ 2020 میں یہ تعداد 6 لاکھ 25 ہزار تھی۔ اس طرح متاثرہ ممالک میں نائجیریا سرفہرست رہا، دنیا بھر میں ہونے والی اموات میں31 فیصد نائجیریا، جمہوریہ کانگو میں 12، تنزانیہ میں 4 اور 3 اعشاریہ 9 فیصد نائجر میں رپورٹ ہوئیں۔ نائجیریا کے 10 بڑے اسپتالوں میں سے 6 میں آنے والے بیشتر مریضوں کا تعلق ملیریا سے ہوتا ہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہناہے کہ گزشتہ برس کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پاکستان میں ملیریا کے 1لاکھ 70 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 78 فیصد کا تعلق سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے ہے۔ ڈبلیو ایچ کا کہناہے کہ 2021 میں عالمی سطح پر دنیا بھر میں ملیر کے 24 کروڑ کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 6 لاکھ مریض وفات پاگئے۔