اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے نجم سیٹھی پر ایشیا کپ کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نجم سیٹھی نے انگلینڈ میں ایشیاکپ کھیلنے کی بات کی، جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
رمیز راجاکا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایشیا کپ کا مقصد برصغیر کی کنڈیشنز سے ورلڈکپ سے قبل ہم آہنگ ہونا ہے اور اب نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کا فائنل لارڈز میں کرانے کا کہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل اقدامات کرکے پاکستان میں بڑی ٹیموں کو دورہ کروایا ہے، نجم سیٹھی کہہ رہے ہیں کہ ٹیکس کے باعث عرب امارات پی ایس ایل لے کر جانا چاہیے۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ یورپ اور پی ایس ایل دبئی میں کروانے کی باتوں سے کرکٹ کہاں لے جائی جارہی ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کمبی نیشن مشکل سے بنایا لیکن چھیڑ چھاڑ جاری ہے، شان مسعود کے پاس فارم نہیں تو زبردستی کیوں کھلایا جائے۔
رمیز نے کہا کہ پی سی بی کے ریجنل انتخابات میں دھاندلی کی جارہی ہے۔